ہندوستان: فوجی کیمپ پرحملہ اور در اندازی 13 ہلاک
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i260263-ہندوستان_فوجی_کیمپ_پرحملہ_اور_در_اندازی_13_ہلاک
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں مسلح افراد کے حملوں اور در اندازی کے نتیجے میں سات فوجی اہلکاراورچھ حملہ آورہلاک ہو گئے ۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
Nov ۳۰, ۲۰۱۶ ۰۶:۲۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان: فوجی کیمپ پرحملہ اور در اندازی 13 ہلاک

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں مسلح افراد کے حملوں اور در اندازی کے نتیجے میں سات فوجی اہلکاراورچھ حملہ آورہلاک ہو گئے ۔

ہندوستان سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق وزارت دفاع کے ترجمان کرنل این این جوشی نے کل رات کہا کہ کشمیر کے علاقے نگروٹہ میں صبح ساڑھے 5 بجے اس ملک کے فوجی کیمپ میں تین حملہ آور داخل ہوئے دستی بم پھینکا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ہندوستانی فوج کے دواعلیٰ افسران سمیت سات اہلکار ہلاک ہوگئے تاہم ہندوستانی فوج کی جوابی کارروائی میں تین حملہ آورہلاک ہو گئے۔ ہندوستانی سیکیورٹی فورسز کے مطابق نگروٹہ میں مزید حملہ آوروں کی موجودگی کی اطلاعات کے باعث علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ہندوستانی میڈیا کے مطابق دوسرا حملہ جموں کےضلع سانبہ میں ہوا جہاں پانچ سے چھ مسلح افراد نے در اندازی کی کوشش کی اور بی ایس ایف کے قافلے پر حملہ کیا جس میں تین حملہ آور مارے گئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ ہندوستانی فوجی بھی زخمی ہوئے۔

واضح رہے کشمیر میں حالیہ کشیدگی، حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی پولیس کے ہاتھوں موت کے بعد شروع ہوئی ہے۔ برہان وانی کی ہلاکت کے بعد ہندوستانی فوج اور کشمیری عوام کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں اب تک 117 عام شہری ہلاک اورہزاروں کی تعداد میں زخمی اور گرفتارہوئے ہیں۔ہندوستان اور پاکستان کے مابین کشیدگی اس وقت بڑھ گئی حب کشمیر کے علاقے بارہ مولا کے سیکٹر اڑی میں 18 ستمبر کو مسلح افراد کے حملے میں 18 ہندوستانی فوجی مارے گئےتھے ۔