ہندوستانی پارلیمنٹ میں جمعرات کو بھی ہنگامہ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i260491-ہندوستانی_پارلیمنٹ_میں_جمعرات_کو_بھی_ہنگامہ
ہندوستان میں نوٹ بندی معاملے پر پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں جمعرات کو بھی شدید ہنگامہ ہوا -
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Dec ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۱:۱۳ Asia/Tehran
  • ہندوستانی پارلیمنٹ میں جمعرات کو بھی ہنگامہ

ہندوستان میں نوٹ بندی معاملے پر پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں جمعرات کو بھی شدید ہنگامہ ہوا -

ہندوستانی پارلیمنٹ لوک سبھا میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے ممبران نے نوٹ بندی پر بحث کے مطالبے کو لے کر جمعرات کو بھی شدید ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی ملتوی کئے جانے کے بعد ایک بار پھر پورے دن کے لئے ملتوی کردی گئی -

وقفہ سوال کے بحث میں نکل جانے کے بعد ایوان کی کارروائی بارہ بجے دوبارہ شروع ہوئی تو ضروری امور کی انجام دہی کے بعد اسپیکر سمترا مہاجن نے وقفہ صفر شروع کردیا، اسی دوران حزب اختلاف کے متعدد ارکان نوٹ بندی پر بحث کے مطالبے کو لے کر ایوان کے وسط میں آکر شدید نعرے لگانے لگے جس کی وجہ سے کارروائی پورے دن کے لئے ملتوی کردی گئی -

گذشتہ آٹھ نومبر کو وزیراعظم نریندرمودی کے ذریعے پانچ سو اور ایک ہزار کے نوٹوں پر پابندی کے اعلان کے بعد سے جہاں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے وہیں اپوزیشن جماعتیں اس معاملے پرحکومت کو مسلسل گھیرنے میں لگی ہوئی ہیں - حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے یہ اقدام ملک سے بلیک منی کا صفایا کرنے کے لئے کیا ہے جبکہ اپوزیشن کا کہنا ہے یہ فیصلہ سوچے سمجھے بغیر کیا گیا ہے اور اس سے عوام اور چھوٹے تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے -