سماج وادی پارٹی اور کانگریس میں اتفاق رائے
سماج وادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان اتحاد کو لے کر اتفاق رائے تقریبا پیدا ہو گیا ہے۔
کانگریس ذرائع کے مطابق سماجوادی پارٹی 105 نشستیں کانگریس کو دینے کیلئے تیار ہو گئی ہے۔ تاہم اس کا اب تک رسمی اعلان نہیں کیا گیا ہے بتایا جارہا ہے کہ کانگریس کی انتخابی مہم کو دیکھ رہے پرشانت کشور اور پرینکا واڈرا کے نمائندے دھیرج شریواستوآج اتوار کو اتر پردیش کے وزیراعلی اکھلیش یادو سے ملاقات کرنے والے ہیں۔
اس میٹنگ کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ اتحاد کو لے کر حتمی فیصلہ سامنے آ جائے گا۔
ایس پی ذرائع کے مطابق اس معاملہ میں اکھلیش مثبت نظر آ رہے ہیں۔ اگر کانگریس نے بھی تھوڑا لچکدار موقف اختیار کیا ، تو اتحاد ہو سکتا ہے۔
پرشانت کشور اور دھیرج شریواستو کی اکھلیش سے ہفتے کی شام بھی ملاقات ہوئی تھی، لیکن اس ملاقات میں کچھ خاص نتیجہ نہیں نکلا تھا۔ اسی سلسلہ میں اتوار کو ایک بار پھر بات چیت ہونے کا امکان ہے۔ اس سے قبل کہا جا رہا تھا کہ کانگریس نے 120 نشستیں مانگی ہیں، لیکن اکھلیش 100 سیٹوں سے زیادہ دینے کیلئے تیار نہیں ہیں۔
اتحاد کو لے کر کانگریس کے لیڈر اب بھی پرامید ہیں۔ پارٹی کے یوپی انچارج اور جنرل سکریٹری غلام نبی آزاد نے صاف کہا ہے کہ پارٹی نے پہلے اور دوسرے مرحلے کے امیدوار فائنل کر دیئے ہیں۔ ان تمام نشستوں پر اکیلے انتخابات لڑنے کی تیاریاں بھی ہو چکی ہیں، لیکن بات چیت کے راستے اب بند نہیں ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ اتر پردیش میں 11 فروری سے 8 مارچ کے درمیان سات مراحل میں اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں۔کانگریس، نیشنل لوک دل اور سماج وادی پارٹی کے اکھلیش دھڑے کے درمیان اتحاد اگر ہوتا ہے تو بھی سخت انتخابی مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔