Jan ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۶:۲۱ Asia/Tehran

ہندوستان کے صدر نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ان کے ملک کی حکومت، بدعنوانی اور کالے دھن کے خلاف مہم مین ناکام رہی ہے۔

ہماری ہندی سروس کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے جمعرات کے روز ہندوستان کے یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں پانچ سو اور ہزار کے نوٹ بند کرنے کے بارے میں ہندوستان کے وزیر اعطم نریندر مودی کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کرپشن اور کالے دھن کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔

انھوں نے اسی طرح ملک بھر میں ایک ساتھ پارلیمانی اور ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کرائے جانے کی بھی خبر دی۔

واضح رہے کہ جمعرات کے روز ہندوستان میں یوم جمہوریہ منایا جا رہا ہے۔ اس دن کے موقع پر پورے ہندوستان خاص طور سے دارالحکومت نئی دہلی میں خصوصی سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔

نئی دہلی کے انڈیا گیٹ پر ہندوستان کے صدر جمہوریہ پرنپ مکھرجی اور وزیر اعظم نریندر مودی سمیت مختلف اعلی سول اور فوجی حکام نیز خصوصی مہمان حیثیت سے متحدہ عرب امارات کے ولیعہد کی موجودگی میں یوم جمہوریہ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں فوجی پریڈ کے علاوہ ہندوستان کے مختلف ہتھیاروں کی نمائش کی گئی جبکہ فضائی نگرانی کے لیے جنگی طیارے پروازیں کرتے رہے۔