مودی حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پر تاکید
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i273862-مودی_حکومت_کے_خلاف_اپوزیشن_جماعتوں_کے_اتحاد_پر_تاکید
سینئر ممبرآف پارلیمنٹ اور جنتا دل (یو) لیڈرشرد یادو نے کہا ہے کہ نریندرمودی حکومت نے یونیورسٹیوں کے احاطوں کو تجربہ گاہوں میں تبدیل کردیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Mar ۰۲, ۲۰۱۷ ۰۹:۵۵ Asia/Tehran
  • مودی حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پر تاکید

سینئر ممبرآف پارلیمنٹ اور جنتا دل (یو) لیڈرشرد یادو نے کہا ہے کہ نریندرمودی حکومت نے یونیورسٹیوں کے احاطوں کو تجربہ گاہوں میں تبدیل کردیا ہے۔

سینئر ممبرآف پارلیمنٹ اور جنتا دل (یو) لیڈر شرد یادو نے نریندرمودی حکومت کی پالیسیوں پر کڑی نکتہ چینی کرتے کی۔ انہوں نے ملک کے تازہ سیاسی حالات خصوصاً یوپی الیکشن کے ضمن میں کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تمام اپوزیشن پارٹیاں بشمول کانگریس، علاقائی اور کمیونسٹ پارٹیاں اپنا ایک نصب العین بنا کر وزیراعظم نریندر مودی حکومت کی موجودہ شکل و صورت کے خلاف لڑیں۔

شرد یادو  نے مودی حکومت پر ملک بھر میں یونیورسٹیوں کے احاطوں کو تجربہ گاہوں میں تبدیل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مودی اس طریقے سے اس کوشش میں ہیں تاکہ قوم پرستی اور آزادی یا اظہار رائے کی آزادی جیسے جذباتی معاملوں پر بحث شروع کرائی جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کی چیزوں کے خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں اور یہ ایک خطرناک کھیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اور عوام کو قوم پرستی یا آزادی یا اظہار رائے کی آزادی پر کبھی کوئی شک نہیں رہا۔

اٹل بہاری واجپئی حکومت میں مرکزی وزیر رہے مسٹر یادو نے کہا کہ انہیں رامجس کالج میں طلبا کے دو گروپوں کے درمیان جھڑپوں کے تازہ واقعات پر ذرا بھی تعجب نہیں ہوا کیونکہ مودی حکومت پچھلے ڈھائی سال سے یونیورسٹیوں میں یکے بعد دیگر ے تجربات کر رہی ہے۔ یہ ایک خاص طریقہ کار ہے انہوں نے جے این یو اور حیدر آباد میں بھی ایسا کیا تھا۔ انہوں نے کہا مجھے حیرانی ہے کہ پچھلے 70 سال میں یونیورسٹیوں میں کبھی اس طرح کے واقعات سامنے نہیں آئے۔ یہ کچھ نئے رجحان ہیں جو بہت خطرناک ہیں۔