دہلی اور کابل دہشت گردی کا شکار
ہندوستان نے دعوی کیا ہے کہ دہلی اور کابل اپنے پڑوسی ملک پاکستان میں پھل پھول رہی دہشت گردی کا شکار ہیں۔
ہندوستان کے وزیرمملکت برائے داخلہ کرن ریجیجو نے دعوی کیا کہ ہندوستان کبھی بھی اپنی طرف سے پہلی گولی نہیں چلاتا اور ہندوستان اور افغانستان اپنے پڑوسی ملک پاکستان میں پھل پھول رہی دہشت گردی کا شکار ہیں۔
ریجیجو نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہندوستان اور افغانستان امن کے حامی ہیں، لیکن اس کے باوجود دونوں ہی ملک پاکستان میں پرورش پارہی دہشت گردی کا شکار ہیں۔
ہندوستان نے ایسے میں پاکستان پر دہشتگردی کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا ہے کہ جب پاکستان کے وزیر دفاع نے پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے ہندوستان اور افغانستان پرالزام عائد کیا کہ یہ دونوں ممالک پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لئے تعاون کررہے ہیں۔
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ سرحدوں کو بند کرنے کا پاکستان کا اقدام سیاسی نہیں ہے بلکہ اسلام آباد نے اپنی قومی سلامتی کے لئے یہ قدم اٹھایا ہے۔ پاکستانی وزیر دفاع نے کہا کہ اگر افغانستان کے ساتھ سختی سے سرحدوں کو کنٹرول نہ کیا جائے گا تو پاکستان میں دہشتگردوں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری رہے گا۔