Sep ۲۹, ۲۰۱۷ ۰۸:۱۷ Asia/Tehran
  • حضرت امام حسین (ع) کی قربانی انسانوں کوغلامی سے نجات دلانے کے لئے ہے : سید علی شاہ گیلانی

حضرت امام حسین(ع) نے کربلا میں قربانی پیش کر کے انسانوں کوغلامی سے نجات دلائی ہے ۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیرکے رہنما اور حریت کانفرنس (گ) کےچیئرمین سید علی گیلانی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین (ع) نے دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے اپنے خون کا نذرانہ پیش کرکے یہ پیغام دیا ہے کہ اللہ کے بندوں کو انسانوں کی غلامی سے نجات دینے کے لیے جان کی قربانی پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے امت مسلمہ کے نوجوانوں سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ قرآن اور حدیث کے اصل روح کو سمجھ لیں۔

دوسری جانب حریت کانفرنس (ع) کےچیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو جمعرات کو سری نگر کے مضافاتی علاقہ حیدرپورہ میں تحریک حریت جموں کشمیر کی طرف سے منعقدہ سیمینار بعنوان ’شہادت حضرت امام حسین(ع)‘ میں شرکت کرنے سے روکا گیا۔

سکیورٹی فورسز نےجہاں میرواعظ کو شرکت کرنے سے روکنے کے لئے جمعرات کی صبح ہی اپنی رہائش گاہ پر نظربند کیا گیا، وہیں یاسین ملک کو سمینار کے مقام پر پہنچنے کے باوجود اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔

حریت کانفرنس (ع) کے ایک ترجمان نے کہا کہ طے شدہ پروگرام کے مطابق میر واعظ کو شہدائے کربلا سیدنا امام عالی مقام حضرت امام حسین (ع) کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک سمینار میں شرکت کرنا تھا تاہم اس کی اجازت نہیں دی گئی جو انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت طرز عمل ہے۔

ٹیگس