ایران کے راستے افغانستان کے لیے گندم کی ترسیل کا آغاز
ہندوستان نے مشرقی ایران کی بندرگاہ چابہار کے راستے گندم کی پہلی کھیپ افغانستان روانہ کی ہے۔
نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان نے چابہار کی بندرگاہ کے راستے گندم کی پہلی کھیپ افغانستان برآمد کر کے اپنی اس پالیسی کو عملی شکل دے دی جس پر وہ ایک عرصے سے زور دیتے آیا ہے۔
حالیہ برسوں کے دوران اور خاص طور سے پاکستان کی جانب سے ہندوستانی سامان کی براستہ پاکستان ترسیل پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد ہندوستانی حکام متبادل راستے کی تلاش میں تھے۔
ہندوستان کی ریاست گجرات سے چابہار پہنچنے والی گندم کی کھیپ زمینی راستے سے افغانستان منتقل کی جائے گی جس کے نتیجے میں ہندوستان افغانستان تجارت کے روٹ سے پاکستان باہر نکل جائے گا۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج نے الگ الگ پیغامات میں گندم کی براستہ ایران برآمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے افغانستان اور وسطی ایشیا کے ملکوں کے لئے ہندوستان کی برآمدات کے نئے باب کا آغاز ہو گیا۔