مستقل فلسطینی ریاست پرتاکید
ہندوستان کا کہنا ہے کہ مستقل فلسطینی ریاست ضروری ہے۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے کل منگل کے روز فلسطینی کاز کے تئیں یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے فلسطین- اسرائیل تنازع کا جامع حل نکالنے کے لئے دونوں فریقوں کے درمیان جلد از جلد مذاکرات بحال کرنے پر زور دیا۔
فلسطینی عوام کے ساتھ عالمی یوم یکجہتی کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں نریندر مودی نے کہا کہ "ہم متحدہ، بااقتدار اور مستقل فلسطینی ریاست کے جلد از جلد وجود میں آنے کی توقع کرتے ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ فلسطین کا دوست ملک رہا ہے اورفلسطین کی ترقی اور قومی تعمیراتی کوششوں میں مدد کرتا رہے گا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے 1977 میں پاس ہونے والی قرارداد کے مطابق فلسطین کے تئیں عالمی یکجہتی کا دن ہر سال 29 نومبر کو منایا جاتا ہے۔
29 نومبر 1947 کو ہی جنرل اسمبلی نے فلسطین کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی قرارداد کو منظوری دی تھی۔