ہندوستان کا دورہ کرنے والے اسرائیلی فوجی کے خلاف فوجداری شکایت
ہند رجب فاؤنڈیشن نے ہندوستان کا دورہ کرنے والے اسرائیلی فوجی کے خلاف جنگی جرائم کی شکایت درج کرائی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ہند رجب فاؤنڈیشن (ایچ آر ایف) نے کہا ہے کہ اس نے ہندوستان میں ایک اسرائیلی فوجی کے خلاف فوجداری شکایت درج کی ہے جو اس وقت اس ملک کا دورہ کر رہا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ وہ غزہ میں شہری املاک کی غیر قانونی تباہی میں ملوث تھا۔
یہ شکایت فوجی کے مبینہ کردار سے متعلق ہے جو مارچ اور اپریل 2024 کے درمیان خان یونس کے علاقے اباسان الصغیرہ میں گھروں اور زرعی زمینوں کی تباہی میں تھا۔ ایچ آر ایف کا الزام ہے کہ یہ فوجی ایک اسرائیلی فوجی یونٹ کا حصہ تھا جو تباہی میں ملوث تھا اور ہو سکتا ہے کہ اس نے جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کی کارروائیوں میں حصہ لیا ہو۔
ایچ آر ایف کا دعویٰ ہے کہ اباسان الصغیرہ میں بڑے پیمانے پر انہدام اس وقت ہوا جب اسرائیلی افواج نے علاقے پر آپریشنل کنٹرول قائم کر لیا تھا اور یہ فعال لڑائی کا نتیجہ نہیں تھا۔ فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ اس کے نتائج ایمنیسٹی انٹرنیشنل کی ان تحقیقات سے مطابقت رکھتے ہیں جو غزہ کی مشرقی حدود کے ساتھ شہری املاک کی تباہی کے بارے میں کی گئی تھیں، جہاں اسرائیلی افواج نے ایک نام نہاد ’’بفر زون‘‘ قائم کیا ہے۔
ایچ آر ایف کے ڈائریکٹر جنرل دیاب ابو جحجہ نے کہا کہ ’’ایچ آر ایف اس بات کو یقینی بنانے کے لیے موجود ہے کہ نسل کشی میں حصہ لینے والا کوئی بھی شخص بچ نہ سکے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا ’’مشتبہ فوجی اور اس کے یونٹ نے غزہ میں گھروں اور زرعی زمینوں کی منظم تباہی کی، یہ طرز عمل یقینی طور پر بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں درج کی گئی یہ دوسری شکایت ہماری اس وابستگی اور فرض کا حصہ ہے کہ مجرموں کو عدالتوں کے سامنے لایا جائے اور اور یہ کہ ہندوستان کو اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تعمیل کرنی چاہیے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel