Dec ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۷:۱۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی ریاست گجرات کے اسمبلی انتخابات

ہندوستان کی ریاست گجرات کے اسبملی انتخابات کے آج پہلے مرحلے کی ووٹنگ ہوئی۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی ریاست گجرات میں آج اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں نواسی نشستوں کے لئے ووٹنگ ہوئی۔
اس رپورٹ کے مطابق ووٹنگ کا عمل صبح سات بجے شروع ہوا جو شام پانچ بجے تک جاری رہا۔
ووٹنگ کے دوران سیکورٹی کے نہایت سخت انتظامات کئے گئے۔ انتخابات کا دوسرا مرحلہ چودہ دسمبر کو انجام پائے گا اور اٹھارہ دسمبر کو انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
اسی دن ریاست ہماچل پردیش کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا بھی اعلان کیا جائے گا۔
گجرات کے انتخابات اس ملک کی موجودہ حکومت کے لئے ایک بڑے چیلنج کی حیثیت رکھتے ہیں اس لئے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندرمودی اور بی جے پی کے موجودہ صدر امت شاہ کا تعلق اسی ریاست سے ہے اور اس ریاست میں گذشتہ بائیس برسوں سے بی جے پی ہی برسر اقتدار ہے۔
اس بار گجرات کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی اور کانگریس کے درمیان سخت مقابلہ ہو رہا ہے اور بعض سروے پورٹوں میں بی جے پی اور بعض میں کانگریس پارٹی کے جیتنے کی بات کہی گئی ہے۔ جس کی بنیاد پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ اس بار کا مقابلہ یکطرفہ نہیں ہو سکتا۔
اگر ریاست گجرات میں کانگریس پارٹی کی حکومت بن جاتی ہے تو مبصرین کی نظر میں یہ ہندوستان کی موجودہ حکومت کے لئے بڑا دھچکا ہو گا۔ خاص طور سے ایسی صورت میں ہندوستان میں لوک سبھا کے انتخابات کا وقت بھی اب قریب آتا جا رہا ہے۔