نتن یاہو کے دورہ ہندوستان کی شدید مخالفت
ہندوستان کے عوام، علما اور اسلامی تنظیموں نے صیہونی حکومت کے وزیراعظم نتن یاہو کے مجوزہ دورہ ہندوستان پر اپنی شدید برہمی کا اظہارکیا ہے۔
ہندوستان کے متعدد ارکان پارلیمنٹ، علما اور اسلامی تنظیموں کے سربراہوں نے اپنے بیان میں صیہونی حکومت کے وزیراعظم کے دورہ ہندوستان کی مخالفت کرتے ہوئے اس دورے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اس بیان میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی حکومت کی وحشیگری کی مذمت کرتے ہوئے ہندوستانی حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم کے دورے کو ملتوی کرادیں۔
اس سے پہلے بھی ہندوستانی عوام نے صیہونی حکومت کے وزیراعظم کو فلسطینیوں کا قاتل قراردیا تھا اور ان کےدورے کی مخالفت کی تھی۔
ممبئی کے شہریوں نے بھی نتن یاہو کے عنقریب انجام پانے والے دورہ ممبئی کی بابت خبردار کرتے ہوئے ہندوستانی حکام سے کہا تھا کہ نتن یاہو کے دورہ ممبئی کی صورت میں وہ شدید ردعمل کا اظہار کریں گے۔
ہندوستان کی بعض دیگر اسلامی تنظیموں نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیراعظم کے دورہ ہندوستان کے موقع پر وہ سیاہ پرچم نصب کریں گی۔ ان تنظیموں کے مطابق فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے فلسطین کا پرچم لہرائیں گی جبکہ جگہ جگہ مسجد الاقصی کی تصاویر چسپاں کی جائیں گی۔
نتن یاہو کا دورہ ہندوستان چودہ جنوری کو انجام پانےوالا ہے۔