ہندوستان کو چین کا انتباہ
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہندوستان کو خبردار کیا ہے کہ وہ سرحدی تنازعات کے بارے میں غلط اقدامات عمل میں لانے سے باز رہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کانگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دو ہزار سترہ میں ہندوستان کے فوجی، ریاست سکم کی سرحد پار کر کے چین کے علاقے میں داخل ہوئے جس کی بنا پر دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے حکام نے بارہا تاکید کی ہے کہ وہ چین سے ملنے والی سرحدوں میں ہندوستانی فوجیوں کی موجودگی کو مضبوط بنائیں گے اور اس سلسلے میں نئی دہلی کا اقدام ایک بار پھر گذشتہ سال کی مانند مسائل کھڑے کر سکتا ہے۔
لو کانگ نے کہا کہ ہندوستان کو چاہئے کہ سرحدی مسائل کے حل کے لئے صحیح طریقے کا انتخاب کرے تاکہ کشیدگی سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال ڈوکلم کے علاقے میں پیدا ہونے والے بحران سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں خاصی کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔
دونوں ممالک کے درمیان دو ہزار تین سے ابتک اختلافات کے حل کے لئے انّیس بار مذاکرات ہو چکے ہیں۔