خواتین کے ساتھ ظلم و زیادتی: راہل گاندھی کی حکومت پر نکتہ چینی
امور خواتین کے 550 ماہرین پر مشتمل تھامسن رائٹرز فاؤنڈیشن کے سروے کے مطابق ہندوستان عورتوں پر جنسی زیادتی کے معاملے میں انتہائی خطرناک ملک ہے۔ تازہ سروے میں شامل فہرست میں دس ممالک میں امریکہ بھی واحد مغربی ملک کے طور پرشامل ہے۔
خواتین کے ساتھ ظلم و جبر کے حوالے سے ایک تازہ رپورٹ پر جس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان عورتوں کے لئے انتہائی خطر ناک ملک ہے کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے اس ملک کے وزیراعظم نریندر مودی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات موجبِ شرم ہے کہ ہندوستان خواتین کی آبروریزی اور ان پر تشدد کرنے والے افغانستان، شام اور سعودی عرب جیسے ملکوں میں سر فہرست ہے۔
سوشل میڈیا پرراہل گاندھی نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم جہاں اپنے باغ میں چپ چاپ یوگ کا ویڈیو بنا رہے ہیں وہیں عورتوں پر تشدد اور ان کی آبروریزی کے معاملات میں ہندوستان افغانستان، شام اور سعودی عرب جیسے ملکوں کی فہرست میں سب سے اوپر ہے۔ یہ ملک کے لئے کتنی شرم کی بات ہے۔
راہل گاندھی نے متعلقہ خبر کو بھی اپنے پوسٹ کا حصہ بنایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امور خواتین کے 550 ماہرین پر مشتمل تھامسن رائٹرز فاؤنڈیشن کے سروے کے مطابق ہندوستان عورتوں پر جنسی زیادتی کے معاملے میں انتہائی خطرناک ملک ہے جہاں عورتوں کو زبردستی خادمہ، مزدور، جنسی غلام بننے کے علاوہ شادی کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بعض ثقافتی روایات کے عورتوں پر پڑنے والے اثرات کے لحاظ سے بھی ہندوستان دنیا کا ایک خطرناک ملک ہے ۔ان ثقافتی رسومات میں تیزاب پھینکنے کے واقعات، کم عمر کی شادیاں، اور جسمانی تشدد کے واقعات شامل ہیں ۔
تازہ سروے میں شامل فہرست میں دس ممالک میں امریکہ بھی واحد مغربی ملک کے طور پرشامل ہے۔