ہندوستان اور پاکستان کے ایک دوسرے کے جنگی طیارے مار گرانے کے دعوے
ہندوستان اور پاکستان نے ایک دوسرے کے جنگی طیارے مار گرانے کے دعوے کئے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی حکام کے حوالے سے ٹائمز آف انڈیا کی ویب سائٹ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے جنگی طیاروں نے بدھ کی صبح جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی اور ہندوستان کی فوج نے پاکستان کا ایک جنگی طیارہ مار گرایا۔
اس اقدام کے بعد حکومت ہندوستان نے جموں و کشمیر کے لئے اپنے ملک کی تمام پروازوں کا سلسلہ منطقع کر دیا اور شمالی ہندوستان کے چار ایرپورٹ بند کر دیئے۔
پاکستان نے بھی لاہور، سیال کوٹ اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں سے تمام پروازوں کا سلسلہ روک دیا ہے۔
اس سے قبل پاکستان کی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے ہندوستان کے دو جنگی طیاروں کو مار گرانے کا دعوی کیا تھا۔
پاکستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق ہندوستان کا ایک طیارہ پاکستان میں جبکہ دوسرا ہندوستان کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے علاقے میں گر کر تباہ ہونے والے طیارے کے دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے جبکہ پاکستانی حدود میں گرنے والے طیارے کے دونوں پائلٹوں کو پاکستان نے قیدی بنا لیا ہے۔