چندریان 2 خلائی گاڑی چاند کے مدار میں داخل
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کے روز ہندوستانی خلائی ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کو چندریان 2 کے چاند کے مدار میں داخل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ چاند کے تاریخی سفر کا ایک اہم قدم ہے۔
ہندوستانی خلائی جانچ ایجنسی(اسرو) نے ایک اہم سنگ میل منگل کو اس وقت عبور کر لیا جب چندریان 2 خلائی گاڑی جس کو 22جولائی کو آندھراپردیش کے ضلع نیلور کے سری ہری کوٹہ کے ستیش دھون خلائی مرکز سے چھوڑا گیا تھا،چاند کے مدار میں داخل ہوگیا تاکہ 7ستمبر کو چاند کے جنوبی قطب پر سافٹ لینڈنگ کی جا سکے۔
پہلے 22 دن زمین کے مدار میں چکر لگانے کے بعد چندریان 2نے 14جولائی کی صبح 2.21بجے اس کا چھ دن کاچاند کا سفر شروع کیا تھا اوراب چندریان 2منگل کو چاند کے مدار میں پہنچ گیا ہے۔
زمین سے چاند تک کے سفر کے سیدھے راستے سے چاند کے مدار میں قائم کرنے کا مشکل عمل صبح ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے نو بجے کے درمیان انجام دیا گیا۔ اس کے لئے چاند کے پاس پہنچنے پر چندریان کے لکوئڈ انجن کو چالو کرکے چندریان کی سمت بدلی گئی۔ شروع میں اسے 118کلومیٹر ضرب 18,078کلومیٹر کے مدار میں قائم کیا گیا۔ 21اگست، 28اگست، 30اگست اور یکم ستمبر کو اس کے مدار میں چار مرتبہ تبدیلی کی جائے گی۔