دہشت گردانہ حملے کے خطرے کے پیش نظر ہندوستان میں سیکورٹی ہائی الرٹ
ہندوستان کی سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے ریاست تامیل ناڈو میں کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کے ذریعے ممکنہ دہشت گردانہ حملے کی اطلاع کے بعد ہندوستانی سیکورٹی ادارے پوری طرح الرٹ ہوگئے ہیں -
نئی دہلی سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ ہندوستانی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تامیل ناڈو کے شہر کوئمباٹور میں لشکر طیبہ کے ممکنہ دہشت گردانہ حملے کی اطلاع کے پیش نظر پولیس اور سیکورٹی فورس کو الرٹ کردیا گیا ہے -
اس خبرکے بعد ہندوستان کے ریلوے اسٹیشنوں ، ہوائی اڈوں اور بس اڈوں پر بھی سیکورٹی بڑھادی گئی ہے -
لشکر طیبہ اب تک کئی بار ہندوستان میں دہشت گردانہ حملے کرچکی ہے - ہندوستان کی حکومت نے بھی بارہا لشکر طیبہ پر الزام لگایا ہے کہ وہ عام شہریوں اور ہندوستانی فوجیوں پر حملوں میں ملوث رہی ہے - ہندوستانی حکومت کا کہنا ہے کہ دوہزار ایک میں ہندوستانی پارلیمنٹ اور نومبر دوہزار آٹھ میں ممبئی کے دہشت گردانہ حملے بھی کالعدم لشکر طیبہ نے ہی کئے تھے -