کشمیری رہنماؤں کی حراست ناقابل قبول ہے، کانگریس پارٹی
Nov ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۴:۵۴ Asia/Tehran
ہندوستان کی حزب اختلاف کانگریس پارٹی نے اہم کشمیری رہنماؤں کی حراست کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
نئی دہلی سے یو این آئی کی رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا نے جمعے کو پارٹی ہیڈآفس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ مرکزی حکومت کو اس سوال کا جواب دینا چاہئے کہ اس نے کشمیر کے ہند نواز رہنماؤں کو حراست میں کیوں رکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر میں قومی دھارے کے سبھی رہنما حراست میں ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان رہنماؤں نے کشمیر کو ہندوستان کا حصہ بنائے رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اس لئے ان کو حراست میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا نے مرکزی حکومت کا یہ دعوی مسترد کردیا کہ کشمیر میں سب ٹھیک ہے ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کے دعوے کے برخلاف کشمیر میں سب ٹھیک نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کشمیر میں فون کی گھنٹی نہیں بج رہی ہے، اسپتالوں میں دوائیاں نہیں ہیں، موبائل خدمات بند ہیں اور لوگ اپنے عزیزوں سے بات نہیں کرپا رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی کے ترجمان نے کشمیر کے تعلق سے مرکزی حکومت کے طرزعمل پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت یورپ کے ارکان پارلیمنٹ کو کشمیر بھیجتی ہے لیکن ملک کے اراکین پارلیمنٹ کو وہاں جانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔