یوکرینی فضائیہ کا مگ طیارہ گر کر تباہ ہوگیا
یوکرینی فضائیہ کا مگ 29 لڑاکا طیارہ جنوبی یوکرین کے اودیسا علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: اطلاعات کے مطابق یوکرین کا یہ طیارہ جنگی مشن کے دوران تباہ ہوا ہے تاہم پائلٹ بروقت طیارے سے نکلنے میں کامیاب رہا۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق 10 اگست کی شام مگ 29 کا پائلٹ اودیسا ریجن میں فضائی اہداف کو تباہ کرنے کے جنگی مشن پر تھا کہ میزائل داغنے کے دوران طیارے میں ہنگامی صورت حال پیدا ہوگئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ہنگامی صورت حال کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی اور وہ پائلٹ کے کنٹرول سے باہر ہوگیا، جس کے باعث اسے بچانا ممکن نہیں رہا۔
یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ پائلٹ نے بروقت طیارے سے خود کو باہر نکالا اور پھر اسے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں یوکرینی فضائیہ کے لڑاکا طیارے کی تباہی کا یہ دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل 29 جولائی کو یوکرین کا ایک ایف16 لڑاکا طیارہ بھی دوران پرواز ہنگامی صورت حال کے باعث ضائع ہوگیا تھا، اس کے پائلٹ نے بھی اجیکٹ کرکے اپنی جان بچائی تھی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel