مہاراشٹر میں تین دن کی بی جے پی حکومت منگل کو گرگئ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i358296-مہاراشٹر_میں_تین_دن_کی_بی_جے_پی_حکومت_منگل_کو_گرگئ
ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر کی تین دن کی بی جے پی حکومت منگل کو گرگئ اور اب کانگریس پارٹی، شیوسینا اور این سی پی اتحاد کی حکومت بننا تقریبا یقینی ہوگیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Nov ۲۶, ۲۰۱۹ ۱۶:۲۰ Asia/Tehran
  • مہاراشٹر میں تین دن کی بی جے پی حکومت منگل کو گرگئ

ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر کی تین دن کی بی جے پی حکومت منگل کو گرگئ اور اب کانگریس پارٹی، شیوسینا اور این سی پی اتحاد کی حکومت بننا تقریبا یقینی ہوگیا ہے۔

ہندوستان کے سپریم کورٹ کی جانب سے ستائیس نومبر کو اسمبلی میں فلور ٹیسٹ کرانے کا حکم آنے کے بعد تین دن کے بی جے پی وزیراعلی دیویندر فڑنویس نے استعفی دے دیا ۔ فڑنویس نے اپنے استعفے کا اعلان پریس کانفرنس میں کیا - فڑنویس نے اپنا استعفی ریاست مہاراشٹر کے گورنر کو سونپ دیا ہے۔اس سے قبل ریاست کے نائب وزیراعلی اجیت پوار نے اپنے عہدے سے استعفے کا اعلان کردیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے منگل کو فڑنویس حکومت کو حکم دیا تھا کہ ستائیس نومبر کو اسمبلی میں فلور ٹیسٹ کرا کے اکثریت ثابت کی جائے۔ہندوستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار کے مستعفی ہونے کے بعد اب مہاراشٹر میں کانگریس پارٹی ، شیو سینا اور این سی پی اتحاد کی حکومت بننا یقینی ہوگیا ہے۔ اتحاد پہلے ہی شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کے وزیر اعلی بننے پر اتفاق کا اعلان کرچکا ہے۔درایں اثنا نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شردپوار نےآج سپریم کورٹ کے مہاراشٹر کے سیاسی حالات پردئیے جانے والے فیصلے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس کو یوم آئین کے موقع پرجمہوریت اور آئین کے اصولوں کی فتح قرار دیا ہے۔شردپوار نے کہا کہ "میں قابل احترام سپریم کورٹ کاشکرگزار ہیں کہ اس کے فیصلے سے جمہوریت کے اصولوں اور آئین کی فتح ہوئی ہے۔