مہاوکاس اگاڑی کے خلاف اپیل خارج
ہندوستانی سپریم کورٹ نے مہاراشٹر میں کانگریس، شیوسینا اور اور این سی پی اتحاد کے خلاف اپیل خارج کردی۔
نئی دہلی سے ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسین یو این آئی کے مطابق جسٹس این وی رمن کی صدارت میں سپریم کورٹ کے ڈیویژن بینچ نے مہاراشٹر کے کانگریس، شیو سینا اور این سی پی اتحاد کے خلاف اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کے پرمود جوشی کی اپیل کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردیا۔ جسٹس این وی رمن نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ انتخابات سے قبل اور انتخابات کے بعد تشکیل پانے والے سیاسی جماعتوں کے اتحاد سے عدلیہ کو کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں عدلیہ سیاسی جماعتوں کو اتحاد سے نہیں روک سکتی۔ انھوں نے کہا کہ یہ عرضی بے معنی ہے کہ مہاراشٹر میں کانگریس، شیوسینا اور این سی پی کے مہا وکاس اگھاڑی اتحاد کو حکومت بنانے س روکا جائے۔ یاد رہے کہ مہاراشٹر میں تقریبا ایک مہینے تک جاری رہنے والے سیاسی بحران کے بعد سر انجام نئے سیاسی اتحاد کی حکومت قائم ہوگئی اور شیوسینا چیف ادھو ٹھاکرے نے ممبئی کے شیوا جی پارک میں اپنے کابینی رفقا کے ہمراہ عہدے کا حلف اٹھالیا۔