مرکزی حکومت کی معاشی پالیسی پر کانگریس کی شدیدتنقید
ہندوستان کی کانگریس پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے مرکزکی بے جے پی حکومت کو معیشت کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
نئی دہلی سے یو این آئی کی رپورٹ کے مطابق کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے مجموعی گھریلو پیدوار جی ڈی پی کی شرح گر کر چار اعشاریہ پانچ تک پہنچ جانے کا ذمہ دار مرکز کی بی جے پی حکومت کو قرار دیا ۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی جی ڈی پی کی شرح میں گراوٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ مرکزی کی بے جی پی حکومت ، معاشی ترقی کی رفتار بڑھانا تو درکنار ، معاشی ترقی کی جو شرح اس کو سونپی گئی تھی اس کی حفاظت میں بھی ناکام رہی ہے۔پرینکا گاندھی نے کہا کہ اس حکومت کے اقتصادی ترقی کے سبھی وعدے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ حکومت بے روزگاری کم کرنے میں بھی ناکام رہی ہے اور کسانوں سے جو وعدے اس نے کئے تھے وہ بھی پورے نہیں کئے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت نے ملک کی معیشت کو برباد کردیا ہے۔