گاندھی کے ملک میں اسرائیل کا نظریہ نہیں چلےگا : آر جے ڈی
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i361334-گاندھی_کے_ملک_میں_اسرائیل_کا_نظریہ_نہیں_چلےگا_آر_جے_ڈی
شہریت ترمیمی قانون کے خلاف دہلی کے جامعہ ملیہ اسلامیہ اور شاہین باغ سے اٹھنے والی آواز مزید تیز ہوتی جارہی ہے ۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۳۰, ۲۰۲۰ ۰۵:۵۶ Asia/Tehran
  • گاندھی کے ملک میں اسرائیل کا نظریہ نہیں چلےگا : آر جے ڈی

شہریت ترمیمی قانون کے خلاف دہلی کے جامعہ ملیہ اسلامیہ اور شاہین باغ سے اٹھنے والی آواز مزید تیز ہوتی جارہی ہے ۔

دہلی کے جنتر منتر پر الائنس اگینسٹ سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے بینر تلے احتجاجی مظاہرہ میں سیکڑوں کی تعداد میں جنتر منتر پر مظاہرین جمع ہوئے ۔ مظاہرین نے حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو شہریت ترمیمی قانون واپس لینا ہوگا کیونکہ یہ قانون آئین کے خلاف ہے اور ملک کے لوگوں میں اختلاف کا باعث ہے۔

مظاہرہ میں پہنچے آر جے ڈی کے ممبر پارلیمنٹ منوج جھا نے کہا کہ یہ گاندھی کا ملک ہے اور یہاں اسرائیل کا نظریہ نہیں چلے گا ۔ منوج جھا نے کہا کہ اب آپ لوگ جاگ چکے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ ٹکڑے ٹکڑے گینگ کا لفظ استعمال کرتے ہیں وہ ملک کے ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں ۔ یہ ہمارے ملک کیلئے بے مثال لمحہ ہے ، یہ آگے بڑھے گا اور انہیں قانون واپس لینا ہوگا ۔ اگر پیار سے نہیں لیا تو گاندھی وادی طریقہ سے انہیں مجبور کردیا جائے گا ۔ اس سے ہمارے ملک کا نقصان ہوا ۔ گاندھی کے ملک اور اسرائیل کے نظریہ کا فرق مٹ گیا ہے۔

مظاہرین نے حکومت پر زندگی سے وابستہ ایشوز کو دبانے اور انہیں نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئےحکومت کو وارننگ دی کہ حکومت کو شہریت ترمیمی قانون واپس لینا ہوگا

دوسری جانب بی جے پی کے قومی سیکریٹری ترون چگھ نے ایک متنازعہ بیان دیتے ہوئے شاہین باغ کا موازنہ دہشت گرد تنظیم داعش  سے کرڈالا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے بی جے پی لیر انوراگ ٹھاکر کے اس بیان کی بھی حمایت ہے جس کیلئے مرکزی وزیر سے جواب تک مانگا جاچکا ہے۔ ترون چھگ نے شاہین باغ کو شیطان باغ بھی بتایا۔

در ایں اثنا مغربی بنگال کے مرشد آباد واقع جالنگی علاقے میں شہریت قانون کو لے کر جاری احتجاجی مظاہرہ پرتشدد ہو گیا جس میں کم ازکم دو لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ دیگر تین زخمی ہو گئے ہیں۔