Apr ۲۰, ۲۰۲۰ ۱۱:۰۳ Asia/Tehran
  • پاکستان اور ہندوستان میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح ہندوستان اور پاکستان میں بھی کورونا وائرس میں مبتلا اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 8 ہزار 519 ہوچکی ہے جبکہ اس وباء سے اموات کی مجموعی تعداد 176 ہو گئی۔ ملک میں 6 ہزار 413 کورونا کے مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے47 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ ایک ہزار 930 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ 3 ہزار 822  ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 42 ہو گئی ہیں۔

سندھ میں اب تک کورونا وائرس کے 2 ہزار 537 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ 56 مریض کورونا کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار 235 ہو چکی ہے جبکہ اموات تمام صوبوں سے زیادہ 67 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 432 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 5 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں 263 کورونا کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 181 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 3 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہارچکے ہیں۔

اُدھر ہندوستان کی وزارت صحت کی جانب سے آج پیر کی صبح جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 1553 نئے کیسز درج کئے جانے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 17 ہزار سےتجاوز کر گئی اور اس دوران اس انفیکشن کی وجہ سے 36 افراد کے ہلاک ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد 543 ہو گئی ہے ۔

ہندوستان کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک مجموعی 17265 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 77 غیر ملکی مریض شامل ہیں ۔ کورونا سے متاثر افراد کے صحت یاب ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے متاثر 316 افراد کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد 2547 تک پہنچ گئی ہے ۔

کورونا وائرس کا قہراس ملک کی 33 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے ۔ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر ہوا ہے جہاں متاثرین کی تعداد میں ایک دن میں 552 کا اضافہ درج کیا گیا اور متاثرین کی مجموعی تعداد چار ہزار سے تجاوز کر کے 4203 ہو گئی ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں مزید 12 افراد کی ہلاکت کے بعد اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 223 ہو گئی ہے ۔

ٹیگس