ہندوستان میں کورونا کی برق رفتاری جاری
ہندوستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1336 نئے کیسز درج کیے گئے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے آج منگل کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 1336 نئے کیسز درج کئے جانے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 18 ہزار کے پار پہنچ گئی اور اس دوران اس وبا سے مزید47 افراد کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 590 ہو گئی ہے۔
ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک کل 18601 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 77 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر لوگوں کے صحت مند ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے متاثر 705 افراد کے صحت مند ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد 3252 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق کورونا سے سب سے شدید متاثرہ ریاست مہاراشٹر ہے جہاں متاثرین کی تعداد میں ایک دن میں 463 کیسز کا اضافہ درج کیا گیا اور مجموعی تعداد 4666 ہوگئی۔