ہندوستان، کورونا سے متاثرین کی تعداد چالیس ہزار کے قریب
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i365477-ہندوستان_کورونا_سے_متاثرین_کی_تعداد_چالیس_ہزار_کے_قریب
ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد چالیس ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
May ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۵:۱۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان، کورونا سے متاثرین کی تعداد چالیس ہزار کے قریب

ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد چالیس ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

ہندوستانی ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے دو ہزار چھے سو چوالیس نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد اس ملک میں کورونا سے متاثرین کی تعداد انتالیس ہزار نو سو اسّی ہوگئ ۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے تراسی اموات ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار تین سو ایک ہوگئی ہے۔ 
ہندوستانی ذرائع کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے چھے سو بیاسی مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد پورے ملک میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد دس ہزار چھے سو تینتس ہو گئی ۔
ہندوستان میں کورونا کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد ریاست مہاراشٹرا میں ہے ۔ مہاراشٹرا میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں سات سو نوے نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد اس ریاست میں کورونا سے متاثرین کی تعداد بارہ ہزار دو سو چھیانوے ہو گئی۔ مہاراشٹرا میں چھتیس نئی اموات کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی تعداد پانچ سو اکیس ہوگئی ۔
دوسرے نمبر پر ریاست گجرات ہے جہاں چوبیس گھنٹے میں تین سو تینتس نئے کیس ریکارڈ کے گئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد پانچ ہزار چون اور چھبیس نئی اموات کے بعد مرنے والوں کی تعداد دو سو باسٹھ ہو گئی ۔
ہندوستان کے وفاقی دارالحکومت دہلی میں متاثرین کی تعداد چار ہزار ایک سو بائیس اور اموات چونسٹھ بتائی گئ ہیں ۔ اسی کے ساتھ دہلی میں سی آر پی ایف کے ہیڈکوارٹر میں ایک فرد کے کورونا سے متاثر پائے جانے کے بعد اس کو سیل کر دیا گیا ہے۔ 
ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی سب سے کم تعداد میزورم میں ایک اور منی پور میں دو بتائی گئی ہیں جو صحتیاب ہوچکے ہیں اور سکم اور ناگالینڈ کی ریاستیں ابھی کورونا سے محفوظ بتائی جا رہی ہیں۔