ہندوستان، کورونا متاثرین کی تعداد 62 ہزار سے تجاوز کر گئی
May ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۴:۰۶ Asia/Tehran
ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد باسٹھ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ہندوستانی ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تین ہزار دو سو ستتر، نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد اس ملک میں کورونا سے متاثرین کی تعداد، باسٹھ ہزار نو سو انتالیس ہو گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ایک سو اٹھائیس نئی اموات کے بعد ہندوستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کے دو ہزار ایک سو نو ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہندوستان میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاستوں میں اب بھی مہاراشٹرا سر فہرست ہے۔ اس ریاست میں اب تک بیس ہزار دو سو اٹھائیس افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں جن میں سے سات سو اناسی افراد نے اپنی جان بھی گنوائی ہے۔ مہاراشٹر میں سات سو چودہ پولیس اہلکار بھی کورونا کا شکار ہوئے ہیں جن میں سے پانچ کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔
ہندوستان میں کورونا متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے ریاست گجرات دوسرے نمبر پر ہے جہاں سات ہزار سات سو چھیانوے افراد متاثر جبکہ اموات چار سو بہتر ہیں۔
کورونا وائرس کے لحاظ سے ہندوستان کے وفاقی دارالحکومت نئی دہلی کی حالت بھی تشویشناک بتائی گئی ہے۔ دہلی میں اب تک چھے ہزار پانچ سو بیالیس افراد کورونا میں مبتلا اور تہتر افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ٹیگس