ہندوستان کورونا متاثرین کی تعداد کے لحاظ دنیا میں چوتھے نمبر پر
ہندوستان کورونا سے متاثرین کی تعداد کے لحاظ برطانیہ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت کے جمعے کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے مزید تین سو چھیانوے افراد لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد اس ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد آٹھ ہزار چارسو اٹھانوے ہو گئی تھی۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق اس ملک میں اب تک کورونا سے ایک لاکھ سینتالیس ہزار ایک سو پچانوے افراد صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ اکتالیس ہزار آٹھ سوبیالیس مریض اب بھی زیر علاج ہیں۔
جمعے کی شام کو حاصل ہونے والی تازہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا متاثرین کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور اب تک تین لاکھ پانچ ہزار نوسو اکیاون افراد کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق ملک کی پانچ ریاستوں مہاراشٹر، تمل ناڈو، دہلی، گجرات اور راجستھان میں کورونا کا قہر زیادہ شدید ہے۔
دوسری جانب ہندوستانی سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیتے ہوئے دہلی اور مہاراشٹر سمیت مختلف ریاستوں میں کورونا کے مریضوں کے علاج کے سلسلے میں اسپتالوں میں بد انتظامی اور کورونا کے مریضوں کی حالت زار پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت عظمی نے دہلی، مہاراشٹر تمل ناڈو اور مغربی بنگال کی حکومتوں کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔