ہندوستان: ایک دن میں 15 ہزار افراد کورونا میں مبتلا
ہندوستان میں کورونا نے ڈیرے ڈال دیئے ہیں۔
ہندوستانی میڈیا نے آج منگل کی صبح صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں عالمی وبائی مرض کورونا وائرس کے کیسزمیں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14933 نئے کیسز کی رپورٹ کے ساتھ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر4 لاکھ 40 ہزار 215 ہو گئی ہے۔ جبکہ کورونا سے اب تک 14 ہزار 11 افراد جاں بحق اور 2 لاکھ 48 ہزار 190 افراد صحت یاب ہوئے۔
ہندوستانی ذرائع کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں چوبیس گھنٹے میں کورونا کے چودہ ہزار نو سو تینتیس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد متاثرین کی تعداد چار لاکھ چالیس ہزار دو سو پندرہ ہوگئی۔ ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے مزید تین سو بارہ مریض لقمہ اجل بنے جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد چودہ ہزار گیارہ ہوگئی۔ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ہندوستان میں کورونا کے مزید گیارہ ہزار مریض صحتیاب ہوئے جس کے بعد اس ملک میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد دو لاکھ اڑتالیس ہزار ایک سو نوے ہوگئی لیکن اب بھی کورونا کے ایک لاکھ اٹھتر ہزار چودہ افراد اسپتالوں میں زیرعلاج یا گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔
ہندوستان میں کورونا سے سب سے زیادہ ریاست مہاراشٹر متاثر ہے۔ مہاراشٹر میں چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تین ہزار سات سو اکیس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد اس ریاست میں کورونا سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ پینتس ہزار سات سو چھیانوے ہوگئی۔ مہاراشٹر میں چوبیس گھنٹے میں کورونا کے مزید ایک سو تیرہ مریض جان کی بازی ہار بیٹھے جس کے بعد اس ریاست میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد بھی چھے ہزار دو سو تراسی ہوگئی۔
ہندوستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی صحتیابی کی شرح 55.84 فیصد ہوگئی ہے جبکہ اموات کی شرح محض 3.19 فیصد ہے۔