ہندوستان میں کورونا کا تیزی سے بڑھتا قہر
ہندوستان میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے پندرہ ہزار نو سو اڑسٹھ نئے کیسز کی اطلاعات ہیں، جبکہ کورورنا مریضوں کی مجموعی تعداد چار لاکھ چھپن ہزار اور ہلاک شدگان کی تعداد چودہ ہزار چار سو چھیہتر ہو گئی ہے۔
صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے بدھ کے روز جاری کئے جانے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر چار لاکھ چھپن ہزار ایک سو تراسی ہو گئی ہے جس میں کورونا وائرس کے پندرہ ہزار نو سو اڑسٹھ نئے کیسز بھی شامل ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران اس وبا سے چار سو پینسٹھ اموات کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد، چودہ ہزار چار سو چھیہتر ہو گئی ہے۔
دوسری طرف اس بیماری سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور اس عرصے میں دس ہزار چار سو پچانوے مریض صحتمند ہوئے اور اس طرح صحتیاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد اب دو لاکھ اٹھاون ہزار چھے سو پچاسی ہو گئی ہے، جبکہ اس وقت کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد ایک لاکھ تراسی ہزار، بائیس ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس سے ریاست مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے جہاں تین ہزار دو سو چودہ کیسز رپورٹ ہوئے اور گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو سو اڑتالیس افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس ریاست میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ انتالیس ہزار، دس اور مرنے والوں کی تعداد چھے ہزار پانچ سو اکتیس ہوگئی ہے۔ اسی عرصہ کے دوران اس ریاست میں ایک ہزار نو سو پچیس افراد صحتیاب ہوئے جس کے بعد صحت مند ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد بھی بڑھ کر انہتر ہزار چھے سو اکتیس ہو گئی ہے۔