ہندوستان میں کورونا کا جھٹکا، ایک دن میں 21 ہزار افراد مبتلا
ہندوستان کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ دنیا کے ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔
ہندوستانی میڈیا نے صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے آج جمعہ کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھرمیں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد18 ہزار 225 ہو چکی ہے۔ اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 20903 نئے معاملے رپورٹ ہوئےجس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 6 لاکھ 25 ہزار 544 ہو گئی ہے تاہم اس دوران 20032 مریض کورونا سے صحت یاب ہوئے جنہیں ملاکر3 لاکھ 79ہزار892 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔ صحت یاب ہونے والوں میں سے بیشتر کا تعلق مہاراشٹر، تمل ناڈو اور دہلی سے ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 9 لاکھ 90 ہزار 249 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 24 ہزار 176 ہو گئیں۔
کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 43 لاکھ 16 ہزار 192 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 57 ہزار 869 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 61 لاکھ 49 ہزار 881 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔