جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i371632-جی_ایس_ٹی_کونسل_کی_میٹنگ
نئی دہلی میں مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی صدارت میں جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ میں کانگریسی ریاستی حکومتوں نے جی ایس ٹی بقایاجات کی فوری ادائگی کا مطالبہ کیا۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
Aug ۲۷, ۲۰۲۰ ۱۷:۰۳ Asia/Tehran
  • جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ

نئی دہلی میں مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی صدارت میں جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ میں کانگریسی ریاستی حکومتوں نے جی ایس ٹی بقایاجات کی فوری ادائگی کا مطالبہ کیا۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ریاست پانڈے چری کے وزیر اعلی اور چھتیس گڑھ اور پنجاب کے وزرائے خزانہ نے، جمعرات کو جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ کونسل کی میٹنگ میں ریاستوں کو جی ایس ٹی معاوضے کے بقایا جات کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی میں ریاستوں کو ان کے حصے کی ادائگی روکنے کا مرکزی حکومت کو کوئی حق نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جی ایس ٹی میں ریاستوں کا حصہ ان کا جمہوری حق ہے جو ان کو ملنا چاہئے۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ میں سبھی غیر بی جے پی ریاستوں نے اس مسئلے کو شد و مد کے ساتھ اٹھایا۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں پانڈے چری کے وزیر اعلان نارائن سامی نے صحافیوں کو بتایا کہ روان برس مارچ کے بعد مرکزی حکومت نے ریاستوں کو جی ایس ٹی معاوضے کی ادائگی نہیں کی ہے۔

دوسری جانب کونسل کی میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے صحافیوں کو بتایا کہ اجلاس میں ریاستوں کو جی ایس ٹی کی ادائگی کے مسئلے پر تفصیل سے بات چیت کی گئی اور اس کے متبادل راستے بھی پیش کئے گئے ہیں۔

انہوں نے نام لئے بغیر کانگریسی ریاستی حکومتوں پر جی ایس ٹی کے حوالے سے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اپنے اقتدار والی ریاستوں میں جی ایس ٹی نافذ نہیں کر سکے وہی ریاستوں کے معاوضے کا مسئلہ اٹھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر بی جے پی حکومتوں کی جانب سے یہ مسئلہ ایسی حالت میں اٹھایا جا رہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے ٹیکسوں کےحصول میں زبردست کمی آئی ہے۔