ہندوستان، یومیہ کورونا متاثرین نے سب رکارڈ توڑ دئے
ہندوستان میں پہلی بار کورونا کے اٹھتر ہزار سے زائد نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد کورونا سے متاثرین کی تعداد پینتس لاکھ سے عبور کرگئی ۔
ہندوستانی وزارت صحت نے اتوار کی صبح اعلان کیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے اٹھتر ہزار سات سو اکسٹھ نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔ دنیا میں کسی بھی ملک میں کورونا کے مریضوں میں ایک دن میں ہونے والا یہ سب سے بڑا اضافہ ہے۔
ایک دن میں کورونا سے متاثرین میں ہونے سب سے بڑے اضافے کے بعد ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد پینتینتس لاکھ بیالیس ہزار سات سو چونتس ہو گئی۔
اس سے پہلے امریکا میں پچیس جولائی کو کورونا کے مریضوں میں اٹھتر ہزار چار سو ستائیس افراد کا اضافہ ہوا تھا۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے چونسٹھ ہزار نو سو پینتس مریض شفایاب ہوئے جس کے بعد کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد ستائیس لاکھ تیرہ ہزار نو سو چونتس ہوگئی ۔
اس دوران کورونا کے مزید نو سو اڑتالیس بیمار جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ہندوستان میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ترسٹھ ہزار چار سو ترانوے ہو گئی ہے۔
ہندوستانی ذرائع نے بتایا کہ ملک میں کل فعال معاملات میں پچپن اعشاریہ دو چھے فیصد کا تعلق ملک کی چار ریاستوں مہاراشٹرا، آندھرا پردیش، کرناٹک اور تامل ناڈو سے ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا کے فعال معاملات کی شرح اکیس اعشاریہ چھے صفر فیصد، شفایابی کی شرح چھہتر اعشاریہ چھے ایک فیصد اور کورونا سے ہونے والی اموات کی شرح ایک اعشاریہ سات نو فیصد ہے۔
دوسری جانب ہندوستان کی کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے اعلان کیا ہے کہ کورونا کے خلاف مہم کے تحت اتوار کو ملک میں دس لاکھ پچپن ہزار ستائیس نمونوں کی جانچ کی گئی۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے مطابق ملک میں کورونا کا پتہ لگانے کے لئے اب تک چار کروڑ چودہ لاکھ اکسٹھ ہزار چھے سو چھتیس نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے۔