ہندوستان، ایک دن میں 11 لاکھ کورونا کے ٹیسٹ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i373673-ہندوستان_ایک_دن_میں_11_لاکھ_کورونا_کے_ٹیسٹ
ہندوستان میں کورونا کی روک تھام کے لئے گزشتہ روز11 لاکھ سے زیادہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرائے گئے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Oct ۰۴, ۲۰۲۰ ۰۸:۵۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان، ایک دن میں 11 لاکھ کورونا کے ٹیسٹ

ہندوستان میں کورونا کی روک تھام کے لئے گزشتہ روز11 لاکھ سے زیادہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرائے گئے۔

ہندوستانی میڈیا نے آج ہفتہ کے روز وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 940 افراد کی ہلاکت کے بعد اس ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ ایک ہزار 782 ہو گئی ہے ۔

اس درمیان 75 ہزار 829 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 65 لاکھ 49 ہزار 373 تک جا پہنچی ہے تاہم کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد 82 ہزار 260 ہو گئی، اس طرح ہندوستان میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 55 لاکھ 9 ہزار 966 ہو گئی ہے۔

عالمی وبا کووڈ ۔19 کی روک تھام کے لئے گزشتہ روز ملک میں 11 لاکھ سے زیادہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرائے گئے جس کے ساتھ ہی جانچ کی مجموعی تعداد سات کروڑ نوے لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔

اتوار کے روز انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 3 اکتوبر کو کورونا نمونوں کی جانچ کی تعداد 11 لاکھ 42 ہزار 131 رہی جس سے یہ تعداد 7 کروڑ 89 لاکھ 92 ہزار 534 تک پہنچ گئی۔

ہندوستانی وزارت صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق کورونا کے فعال معاملات میں ایک دن میں سب سے زیادہ کمی ریاست مہاراشٹرا میں ریکارڈ کی گئی ۔ اس رپورٹ کے مطابق اتوار کو اس ریاست میں کورونا کے فعال معاملات میں دو ہزار سات سو پینسٹھ کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ اس کے بعد آندھرا پردیش میں ایک دن میں فعال معاملات میں ، ایک ہزار چھے سو پندرہ، اتر پردیش میں ایک ہزار دو سو نواسی، دہلی میں ایک ہزار دو سو سولہ اور اڈیشہ میں ایک ہزار تیس کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد پچپن لاکھ نو ہزار نو سو چھیاسٹھ ہوچکی ہے اور فعال معاملات کی تعداد کم ہوکے نو لاکھ سینتس ہزار چھے سو پچیس رہ گئی ہے۔

خیال رہے ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 30 جنوری کو سامنے آیا تھا اور اس وقت ہندوستان کورونا وائرس کے حوالے سے امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔