ہندوستان، دروپدی مرمو حلف اُٹھانے کے بعد 15 ویں صدر بن گئیں
ہندوستان کی پہلی قبائلی خاتون صدر نے آج اپنے عہدے کا حلف اُٹھالیا۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کے چیف جسٹس این وی رمن نے نو منتخب صدر دروپدی مرمو کو عہدے کا حلف دلایا، وہ ہندوستان کی 15ویں صدر بن گئیں۔ وہ ہندوستان کی اعلیٰ ترین آئینی عہدہ رکھنے والی پہلی قبائلی خاتون اور آزاد ہندوستان میں پیدا ہونے والی پہلی صدر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نو منتخب صدر دروپدی مرمو نے پیر کی صبح حلف لینے سے قبل راج گھاٹ پر ہندوستان کی تحریک آزادی کے قائد مہاتما گاندھی کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔
اس سے قبل ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند نے اپنی مدت صدارت ختم ہونے سے قبل اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ ملک کو صرف سیاسی جمہوریت نہیں بلکہ سماجی جمہوریت کی بھی ضرورت ہے۔
ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق اتوار کی شام رام ناتھ کووند نے بطور صدر اپنے آخری خطاب میں کہا کہ ہمیں صرف سیاسی جمہوریت پر مطمئن نہیں ہونا چاہئے بلکہ سماجی جمہوریت کے لئے بھی کام کرنا چاہئے کیوں کہ یہ، آزادی مساوات اور بھائی چارے کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے۔
قابل ذکر ہے کہ رام ناتھ کووند کی مدت صدارت گزشتہ روز چوبیس جولائی کو ختم ہو گئی تھی اور آج سے خاتون نو منتخب صدر دروپری مرمو نے یہ عہدہ سنبھال لیا ہے۔