ہندوستان میں نفرت کا طوفان برپا ہے: شاہی امام سید احمد بخاری
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i424565-ہندوستان_میں_نفرت_کا_طوفان_برپا_ہے_شاہی_امام_سید_احمد_بخاری
دہلی کے شاہی امام سید احمد بخاری نے نوح تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں نفرت کا طوفان برپا ہے۔
(last modified 2026-07-22T14:28:03+00:00 )
Aug ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۱:۱۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں نفرت کا طوفان برپا ہے: شاہی امام سید احمد بخاری

دہلی کے شاہی امام سید احمد بخاری نے نوح تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں نفرت کا طوفان برپا ہے۔

دہلی کے شاہی امام سید احمد بخاری نے تاریخی جامع مسجد میں جمعہ کے خطبہ کے دوران کہا کہ میں ملک کے موجودہ حالات کی وجہ سے بولنے پر مجبور ہوں، ملک کی صورت حال تشویشناک ہے اور نفرت کا طوفان ملک میں امن کے لیے سنگین خطرہ پیدا کر رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی کے ہفتہ وار ریڈیو پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے بخاری نے کہا کہ آپ اپنے من کی بات کہتے ہیں لیکن آپ کو مسلمانوں کے من کی بات بھی سننے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمان موجودہ حالات سے پریشان ہیں اور اپنے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں۔

دہلی کی شاہی جامع مسجد کے امام نے الزام لگایا کہ قانون، نفرت اور فرقہ وارانہ تشدد سے نمٹنے میں کمزور ثابت ہو رہا ہے۔

شاہی امام احمد بخاری نے کہا کہ ایک مذہب کے لوگوں کو کھلے عام دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور پنچایتیں منعقد کی جاتی ہیں جہاں مسلمانوں کے بائیکاٹ کی کالیں دی جاتی ہیں نیز ان کے ساتھ تجارت اور کاروبار ختم کرنے کا اعلان کیا جاتا ہے۔ دنیا میں 57 اسلامی ممالک ایسے ہیں جہاں غیر مسلم بھی رہتے ہیں لیکن انہیں اپنی زندگی یا معاش کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے کہا کہ وہ لبرل بنیں اور مسلم دانشوروں سے بات کریں۔