ہندوستان: مودی حکومت کو الوداع کرنے کا وقت آ گیا ہے: کانگریس
کانگریس پارٹی نے اتوار کو صحت کے شعبے سے متعلق مختلف مسائل بشمول "آیوشمان بھارت یوجنا" پر بی جے پی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔
کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ لوٹ اور بیان بازی نے ملک کو بیمار بنا دیا ہے۔ مودی جی کے ہر لفظ میں صرف جھوٹ ہے۔ انہوں نے کئی ایمس (آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز) بنانے کا دعویٰ کیا لیکن سچائی یہ ہے کہ ایمس کو ڈاکٹروں اور عملے کی شدید کمی کا سامنا ہے۔
کھڑگے نے کہا کہ مودی جی کورونا وبا میں بے حسی سے لے کر آیوشمان بھارت یوجنا میں ہونے والے اسکینڈل تک، آپ کی حکومت نے ملک کے صحت کے نظام کو بیمار کر دیا ہے۔
کانگریس کے صدر نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے کہا کہ لوگ جاگ گئے ہیں۔ آپ کے دھوکے کو پہچان لیا گیا ہے۔ آپ کی حکومت کو الوداع کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
دوسری جانب کانگریس کے رکن پارلیمنٹ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت کے تحت صحت کی سہولیات خود "بیمار" ہیں۔ سرجے والا نے ایکس پر لکھا ’’مودی حکومت کا مطلب کھوکھلا پروپیگنڈہ ہے۔ صحت کی سہولیات بیمار ہیں۔ ایمس میں ڈاکٹروں اور عملے کی کمی ہے۔ آیوشمان یوجنا میں کرپشن ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے لوگوں کو کورونا وبا کے دوران اپنے پیاروں کو کھو کر قیمت چکانی پڑی، اب بھی بی جے پی کی لوٹ مار، بدعنوانی اور منفعت کی وجہ سے لوگوں کی صحت اور زندگیاں خطرے میں ہیں۔
خیال رہے کہ اس ہفتے کے شروع میں پارلیمنٹ میں پیش کی گئی سی اے جی کی ایک رپورٹ اے بی- پی ایم جے اے وائی کے نفاذ میں بے ضابطگیوں کو نمایاں کرتی ہے۔