Jan ۰۶, ۲۰۲۴ ۲۱:۰۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: بھوپال چلڈرین ہوم سے 26 لڑکیاں غائب

ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں واقع چلڈرین ہوم سے 26 لڑکیوں کے غائب ہونے کی خبر ہے البتہ 10 لڑکیوں کو برآمد کرلیا گیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: بھوپال کے چلڈرین ہوم سے 26 لڑکیوں کے غائب ہونے کی خبر سرخیوں میں آئی ہے البتہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق غائب ہونے والی 26 لڑکیوں میں سے 10 لڑکیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق بھوپال کے کلکٹر کوشلیندر وکرم سنگھ نے بتایا کہ چلڈرین ہوم سے غائب 10 لڑکیاں ایودھیا نگر حلقہ کی رہنے والی ہیں۔ بعض رپورٹوں میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ باقی لڑکیاں بھی گھر پہنچ گئی ہیں لیکن ان رپورٹوں کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

دریں اثنا، چلڈرین ہوم سے لڑکیوں کے غائب ہونے کی خبر پھیلنے کے بعد کئی اعلیٰ افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ لڑکیوں کے غائب ہونے میں جن افسران کی لاپروائی سامنے آئی ہے ان کے خلاف سخت قدم اٹھایا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے خواتین و اطفال محکمہ کے تین افسران کو معطل کر دیا گیا ہے اور دو کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

 واضح رہے کہ بھوپال کے پرولیا تھانے کے علاقے میں واقع چلڈرین ہوم سے لڑکیوں کے غائب ہونے کا پتہ تب چلا جب این سی پی سی آر (نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس) کے افسر اچانک جائزہ لینے کے لیے وہاں پہنچے۔ ریکارڈ میں 68 بچیوں کا نام درج تھا لیکن چلڈرین رائٹس کی ٹیم کو وہاں صرف 41 لڑکیاں ہی ملیں۔ 26 لڑکیاں چلڈرین ہوم سے غائب تھیں۔

این سی پی سی آر کے سربراہ پریانک قانونگو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ ریکارڈ میں جو بچیاں غائب تھیں، ان کی عمر 6 سے 18 سال کے درمیان ہے اور ان میں سے بیشتر ہندو ہیں اور یہ کہ چلڈرین ہوم منظور شدہ نہیں ہے، بغیر لائسنس کے ہی چل رہا تھا۔

 

ٹیگس