Aug ۲۴, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۹ Asia/Tehran
  • اتحاد کا تحفظ مسلمانوں کا فرض ہے: آیت اللہ محسن اراکی

تقریب مذاہب اسلامی کی جنرل اسمبلی کے سیکریٹری جنرل نے اسلامی معاشرے میں اتحاد کے تحفظ کو ایک الہی فریضہ اور مسلمانوں کی اہم ذمے داری قرار دیا ہے۔

تقریب مذاہب اسلامی کی جنرل اسمبلی کے سیکریٹری جنرل آیت اللہ محسن اراکی نے اتوار کے دن مشہد مقدس میں "طرز زندگی، اتحاد اور یک زبان" کے زیر عنوان امام رضا علیہ السلام علمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں کہا کہ جب معاشرے میں دراڑ پڑ جاتی ہے تو اس میں اتحاد مفقود ہو جاتا ہے اور پیغمبر اکرم ص ایسے معاشرے کے خواہاں نہیں تھے۔ آیت اللہ اراکی نے کہا کہ طرز زندگی اسلامی معاشرے کے ایک اہم محور کے طور پر اسلامی مذاہب کے اتحاد کی مضبوطی کا سبب بنتا ہے۔ آیت اللہ اراکی نے مزید کہا کہ اپنی ذات کو مرکز قرار دینے سے اجتناب اور دوسروں کے مطالبات پر توجہ دینا اسلامی طرز زندگی کے اثرات میں سے ہے اور ایسان کرنا معاشرے میں ایثار اور فداکاری پر منتج ہوگا۔ تقریب مذاہب اسلامی کی جنرل اسمبلی کے سیکریٹری جنرل آیت اللہ محسن اراکی نے رہبر انقلاب اسلامی اور ان کے اہداف و مقاصد مد نظر رکھنے کو اسلامی معاشرے میں اتحاد کا محور قرار دیا اور کہا کہ یہ ایک عظیم نعمت ہے جو اللہ تعالی نے ایرانی عوام کو عطا کی ہے تاکہ وہ ظالم حکمرانوں سے محفوظ رہیں۔