ایران کی فوج ہر خطرے کا فوری جواب دینے کے لئے تیار: عطاء اللہ صالحی
Aug ۲۴, ۲۰۱۵ ۲۰:۱۰ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے کمانڈر انچیف نے کہا ہے کہ ایران کی فوج ہر طرح کے خطرے کے خلاف فوری طور پر جوابی کارروائی کے لئے ضروری آمادگی رکھتی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے کمانڈر انچیف میجر جنرل عطاء اللہ صالحی نے پیر کے دن قیام چھاؤنی اور ایرانی فضائیہ کی شہید ستاری یونیورسٹی کے کیڈٹوں کے کیمپ کا دورہ کیا۔ میجر جنرل عطاء اللہ صالحی نے اس موقع پر کہا کہ خطے کے موجودہ حالات کے پیش نظر ایران کی طاقتور فوج خطے میں ہر طرح کے غلط اقدام خصوصا ایران مخالف اقدام کے خلاف فوری ردعمل کی ضروری صلاحیت و توانائی رکھتی ہے۔ میجر جنرل عطاء اللہ صالحی نے فضائیہ کی شہید ستاری یونیورسٹی کے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایمان ، نظم و ضبط اور فوجی تربیت اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے کیڈٹ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے منصوبوں کا بنیادی حصہ ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے کمانڈر انچیف میجر جنرل عطاء اللہ صالحی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے روشن مستقبل کا دار و مدار کیڈٹ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے اسٹوڈنٹس کی بنیادی تعلیم پر ہے۔