بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے "محمد رسول اللہ" فلم کی ستائش
Aug ۲۸, ۲۰۱۵ ۲۱:۴۸ Asia/Tehran
بین الاقوامی میڈیا بالخصوص اٹلی کے فلمی جریدوں نے محمد رسول اللہ فلم کو ایران کی ایک عظیم کامیابی قرار دیا ہے۔
عالمی جریدوں نے ایران کے مشہور ہدایتکار مجید مجیدی کی بنائی ہوئی فلم محمد رسول اللہ اور اس کی ایران کے سینما گھروں ریلیز کو بھرپور کوریج دی ہے۔ بین الاقوامی جریدوں نے لکھا ہے کہ ایران کی سب سے مہنگی فلم جسے پینتیس ملین ڈالر کے بجٹ سے تیار کیا گیا ہے، مجید مجیدی کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ اسکائی نیوز نے اس بارے میں لکھا ہے کہ محمد رسول اللہ فلم ریلیز ہونے کے پہلے دن سے ہی اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ یہ فلم مجید مجیدی کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ اس رپورٹ میں لکھا ہے کہ پہلے دن، ایران کے ایک سو چالیس بہترین سنیما ہالوں میں ریلیز ہونے والی اس فلم کے تمام ٹکٹ فروخت ہو گئے۔ لٹرا تینتالیس نام کے جریدے نے بھی اس فلم کے عظیم بجٹ کی جانب اشارہ کیا ہے اور اسے ہدایتکار کی سات سال کی کوششوں کا بہترین نتیجہ قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس فلم میں رسول اکرم (ص) کے چہرے کو ایک بار بھی نہیں دکھایا گیا ہے۔ یہ فلم ایران میں ریلیز ہونے کے علاوہ، مونٹریال فلم فیسٹیول میں بھی پیش کی گئی ہے۔ مونٹریال فلم فیسٹیول کے سربراہ سرج لوزک نے اس فلم کو ایک شاہکار قرار دیا ہے۔ یاد رہے کہ اب تک حضرت عیسی (ص)، حضرت موسی (ع) اور دیگر مذاہب کے پیشواؤں کے بارے میں متعدد فلمیں بن چکی ہیں۔ یاد رہے کہ یہ فلم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ پر بننے والی دوسری فلم ہے۔