کویت، جارجیا اور شام کی پارلیمانوں کے اسپیکروں کے ڈاکٹر علی لاریجانی کے نام پیغام
Sep ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۶:۴۱ Asia/Tehran
-
جہاد اللحام
کویت، جارجیا اور شام کی پارلیمانوں کے اسپیکروں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے نام الگ الگ پیغام ارسال کر کے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے معاہدے کو ایک تاریخی معاہدہ اور عظیم کامیابی قرار دیا ہے
ارنا کی رپورٹ کے مطابق شام کی پارلیمنٹ کے اسپیکر جہاد اللحام نے اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی کے نام اپنے پیغام میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ایٹمی معاہدے کو ایران کی ایک سفارتی اور اسٹریٹیجک کامیابی قراردیا-کویت کی پارلیمنٹ کے اسپیکرمرزوق علی الغانم نے بھی ڈاکٹرعلی لاریجانی کے نام اپنے پیغام میں لکھا ہےکہ گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ ایران کا ایٹمی معاہدہ تمام ممالک کے لئے مسرت کا باعث بنا اور یہ معاہدہ خطے کی اقوام کے ایک دوسرے کے قریب آنے، خطے کے استحکام کے لئے کی جانے والی کوششوں میں اضافے اور زیادہ سے زیادہ ترقی و پیشرفت اور آرام و آسائش پرمبنی اقوام کی امنگوں اور اہداف کے پورا کرنے پر منتج ہوگا۔
جارجیا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈیوڈ اوساپا شویلی نے بھی ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے پر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر علی لاریجانی کے نام اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان مذاکرات کے فریقین کے لئے عظیم کامیابی کا حامل تھا۔
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اورگروپ پانچ جمع ایک کے درمیان بارہ برس کے مذاکرات کے بعد آخرکاررواں سال چودہ جولائی کو ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے اور پابندیوں کے خاتمے سے متعلق ایٹمی معاہدہ ہو گیا۔