Sep ۱۳, ۲۰۱۵ ۲۱:۰۷ Asia/Tehran
  • آیت اللہ صادق آملی لاریجانی، ایران کی عدلیہ کے سربراہ
    آیت اللہ صادق آملی لاریجانی، ایران کی عدلیہ کے سربراہ

اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ نے انسانی حقوق کے سلسلے میں مغرب کی دہری پالیسیوں کو ہدف تنقید بنایا ہے-

ایران کی عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے اتوار کے روز تہران میں اٹلی کے انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہائر اسٹڈیز ان کرمنل سائنسز کے سربراہ شریف بسیونی سے ملاقات میں ایران پر انسانی حقوق کے سلسلے میں مغرب کے دباؤ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک ایران میں متعدد انتخابات منعقد ہونے کے باوجود اس کی مذمت کرتے ہیں، لیکن علاقے کے بعض ممالک جہاں ابھی تک کبھی انتخابات ہی نہیں ہوئے ہیں، ان پر کوئی اعتراض نہیں کیا جاتا اور یہ ممالک پوری طرح مغربی ممالک کے حمایت یافتہ ہیں-

ایران کی عدلیہ کے سربراہ نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ کوئی بھی ملک دوسرے ممالک پر انسانی حقوق سے متعلق اپنے نظریات اور معیارات تھوپنے کا حق نہیں رکھتا، کہا کہ ایرانی عدلیہ ، انسانی حقوق اور کرامت انسانی سے متعلق موضوعات پر دوسرے ممالک سے گفتگو کرنے کے لئے تیار ہے-

شریف بسیونی نے بھی اس ملاقات میں انسانی حقوق اور کرامت انسانی کے احترام پر توجہ کو ادیان الہی بالخصوص دین اسلام کے مسلمہ اصولوں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسانی حقوق کے سلسلے میں ملکوں اور قوموں کے ایک دوسرے کے مزید قریب آنے کا خیرمقدم کرتے ہیں-

ٹیگس