Oct ۱۰, ۲۰۱۵ ۱۲:۵۸ Asia/Tehran
  • دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس ایران مشاورت کی تصدیق
    دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس ایران مشاورت کی تصدیق

اسپیکر پارلمینٹ ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ روس نے شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کرنے سے قبل ایران سے ضروری صلاح و مشورہ کیا تھا۔

تہران میں پولینڈ کی سینیٹ کے سربراہ کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ روس نے دقت نظر کے ساتھ کام کیا ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ اس کے اقدامات کب تک اور کس پیمانے پر جاری رہتے ہیں۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے پولینڈ کی سینیٹ کے سربراہ کے دورہ ا یران پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پچھلے برسوں کے دوران اچھے اور دوستانہ تعلقات قائم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسری عالمی جنگ کے دوران تقریبا ایک لاکھ بیس ہزار پولش شہریوں نے ایران میں پناہ بھی لے رکھی تھی جنکی احترام کے ساتھ میزبانی کی گئی۔

اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بتایا کہ پولینڈ کے سینیٹ کے سربراہ کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی و اقتصادی تعلقات کے فروغ نیز تیل، گیس، جہاز سازی اور ریلوے کے شعبے میں سرمایہ کاری کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایران کے اسپیکر نے پولینڈ کی سینیٹ کے سربراہ کے دورہ ایران کو اہم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، اقتصادی اور تعلیمی میدان میں تعاون کی سطح بلند کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

قابل ذکر ہے کہ پولینڈ کی سینیٹ کے سربراہ بوگدان بروسوچ، ایران کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی کی دعوت پر ایک اعلی سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ جمعے کی رات تہران پہنچے ۔

ٹیگس