Feb ۰۱, ۲۰۱۶ ۲۰:۵۱ Asia/Tehran
  • ایرانی عوام کا اتحاد اسلامی انقلاب کی کامیابی کا راز ہے: آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی

اسلامی جمہوریہ ایران کی تشخیص مصحلت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے ایرانی عوام کے اتحاد کو اسلامی انقلاب کی کامیابی کا راز قرار دیا ہے۔

تہران کے مہرآباد ایئر پورٹ پر بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) کی ایران آمد کی یاد میں منقعدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے کہا کہ ایران کے عوام نے اپنے اتحاد کے ذریعے پہلوی حکومت کو سرنگوں کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کی اکثریت اسلامی انقلاب کی خواہاں تھی اور پہلوی حکومت کے خلاف متحد ہو گئی تھی۔

آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے ایران کے عوام پر زور دیا کہ وہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) کے افکار و نظریات کی مکمل طور سے پیروی کرتے رہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ہر سال یکم فروری کو بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) کی ایران واپسی کی یاد میں تہران کے مہرآباد ایئر پور ٹ پر خصوصی تقریب کے انعقاد کے ساتھ ہی ملک بھر میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی دس روزہ تقریبات کا آغاز ہوتا ہے۔

امام خمینی (رح) یکم فروری انیس سو اناسی کو پندرہ سال کی جلا وطنی کے بعد خصوصی طیارے کے ذریعے پیرس سے تہران پہنچے تھے اور گیارہ فروری انیس سو اناسی کو اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنار ہوا۔