Feb ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۶:۴۶ Asia/Tehran
  • علاقے کے بہت سے مسائل ایران کی مدد سے ہی حل ہو سکتے ہیں، جنرل سلامی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے کہا ہے کہ پوری دنیا اس بات کا اعتراف کرتی ہے کہ علاقے کے بہت سے سیاسی و سیکورٹی مسائل ایران کی مدد سے ہی حل ہو سکتے ہیں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل حسین سلامی نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی مناسبت سے منقعدہ ایک پروگرام میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کے لئے ہونے والے سبھی مذاکرات میں ایران شرکت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت اسلامی جمہوریہ ایران کی سیاسی طاقت کو ثابت کرتی ہے۔

جنرل سلامی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آگاہی اور ایمان، اسلامی انقلاب کی کامیابی کے اصل محرکات تھے، کہا کہ اسلامی انقلاب نے اس وقت کے مشرق اور مغرب کے سامراج کو للکارا۔ جنرل سلامی نے کہا کہ اس وقت کی دونوں ہی بڑی طاقتوں نے تمام حربوں کا استعمال کیا منجملہ ایران پر جنگ مسلط اور پابندیاں عائد کرکے اسلامی انقلاب کو اس کے راستے سے ہٹانے کی کوشش کی لیکن سینتیس سال کا عرصہ گذر جانے کے بعد سامراجی طاقتوں کی سمجھ میں یہ بات آگئی کہ اسلامی انقلاب کی عظمتوں کے سامنے سرتسلیم خم کرنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے کہا کہ تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ ایک قوم بڑی طاقتوں کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ اور بحرین، یمن، عراق، فلسطین، لبنان، شام، مصر، افغانستان اور پاکستان کی حمایت کرنے کے ساتھ ساتھ سائنسی اور اقتصادی میدانوں میں بھی اس قدر شاندار ترقی و پیشرفت بھی کرے۔

ٹیگس