گزشتہ دو سال کے دوران دہشت گردی کے دسیوں منصوبے ناکام: محمود علوی
اسلامی جمہوریہ ایران کے انٹیلی جنس کے وزیر نے کہا ہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران دہشت گردی کے دسیوں منصوبوں کا پتہ لگا کر انھیں ناکام بنایا گیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق سید محمود علوی نے بدھ کے روز تہران میں، ایک تقریب کے دوران کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران بم دھماکوں، خود کش حملوں، زیرزمین ٹرین میٹرو، بازار، یونیورسٹیوں اور ریلیوں پر بم حملوں کے منصوبوں کا پتہ لگا کر انھیں ناکام بنایا گیا اور بہت سے افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔
ایران کے انٹیلی جنس کے وزیر سید محمود علوی نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ایران کی سیکورٹی فورسز کی کوشش امن و امان کو برقرار رکھنا ہے، کہا کہ انٹیلی جنس کی وزارت کا نام دشمنوں کے لیے باعث خوف ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا میں اکثر انقلاب ایک عرصے کے بعد شکست و ریخت کا شکار ہو کر کمزور ہو جاتے ہیں لیکن ایران کا اسلامی انقلاب برسوں گزر جانے کے بعد بھی بدستور مضبوط و توانا ہے۔