ایران کے نائب صدر کی ترک وزیر اعظم سے ٹیلی فونی گفتگو
ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے عالمی کوششوں کو مربوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انقرہ کے دہشت گردانہ حملے میں قیمتی جانوں کے زیاں پر ترک وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو کو ٹیلی فون پر تعزیت پیش کرتے ہوئے ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نےکہا کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام انقرہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے شدید مذمت کرتے ہیں اور مصیبت کی اس گھڑی میں ترک حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔
اسحاق جہانگیری نے کہا کہ علاقائی اور عالمی سطح پر ایران اور ترکی کے درمیان تعاون خطے سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
ترکی کے وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں اس بات سے بڑی ڈھارس ملی ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایران کی حکومت اور عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ خطے کے تمام ممالک دہشت گردی کے خطرات سے دوچار ہیں لہذا تمام ملکوں خاص طور سے ہمسایہ ملکوں کو مل کر اس لعنت کا مقابلہ کرنا چاہیے۔