Mar ۱۷, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۲ Asia/Tehran
  • نائیجیریا کی  مسجد میں ہوئے خودکش دہشت گردانہ بم دھماکوں کی مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران نے نائیجیریا کی ایک مسجد میں ہوئے خودکش دہشت گردانہ بم دھماکوں کی مذمت کی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری نے شمال مشرقی نائیجیریا کے صوبے بورنو کے شہر میدوگوری کی ایک مسجد میں دو خودکش بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف ہمہ گیر اقدامات کا مطالبہ کیا - وزارت خارجہ کے ترجمان نے ان دہشت گردانہ خود کش حملوں میں جاں بحق ہونے والے نمازیوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دنیا کے مختلف علاقوں میں اس قسم کے دہشت گردانہ اقدامات سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف بھرپور جنگ کے لئے ضروری اقدامات اور پالیسی تیارکرنا ضروری ہوگیا ہے- واضح رہے کہ نائیجیریا کے شہر میدوگوری کی ایک مسجد میں بدھ کو ہوئے دہشت گردانہ حملے میں بائیس نمازی جاں بحق ہوگئے تھے - اس حملے کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ بوکو حرام نے قبول کی ہے۔