کمال خرازی کی شام کے صدر سے ملاقات
ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ ڈاکٹر کمال خرازی نے دمشق میں شام کے صدر بشار اسد سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
ڈاکٹر کمال خرازی اور صدر بشار اسد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں شام کی تازہ ترین صورتحال اور جنیوا میں جاری امن مذاکرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ شام کے مستقبل کے بارے میں فیصلے کا حق صرف شامی عوام کو حاصل ہے اور بیرونی طاقتوں کو اس معاملے میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیے۔
ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ نے اس موقع پر کہا کہ شام کے اندرونی معاملات میں کسی بھی بیرونی طاقت کو مداخلت کا حق حاصل نہیں کیونکہ اس ملک میں عوامی اور قانونی حکومت برسر اقتدار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنیوا مذاکرات میں کیے جانے والے فیصلوں میں شامی عوام اور اس ملک کی قانونی حکومت کے تمام تر حقوق کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔
شام کے صدر بشار اسد نے اس موقع پر ایران کو اپنے ملک کا اہم ترین حامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی مشاورت اور تعاون کے نتیجے میں دہشت گرد اور ان کے حامی پسپائی اختیار کرتے ہوئے مذاکرات کی میز پر آگئے ہیں۔
ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ ڈاکٹر کمال خرازی جمعے کے شب لبنان سے شام پہنچے ہیں۔
ڈاکٹر کمال خرازی شام کے وزیر خارجہ ، وزیر برائے قومی آشتی ، شامی سیاستدانوں اور دانشوروں نیز شام میں مقیم فلسطینی تنظیموں کے رہنماؤں سے بھی ملاقات اور گفتگو کریں گے۔